لاہور(امت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 14ویں ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول 14ویں ایشیا کپ کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ آل راوٴنڈر محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں۔محمد حفیظ کی سلیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مایہ ناز آل راوٴنڈر کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا، وہ پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں۔عماد وسیم کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ عماد وسیم کو فٹنس ثابت کرنے کے لیے 3 مواقع دیے گئے، تاہم اپنی انجری کے باعث وہ ٹیسٹ کلیئر نہیں کر سکے۔انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 6 فاسٹ باوٴلرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جن کی پرفارمنس اچھی ہے لیکن ان کو اس وقت موقع نہیں دیا جاسکتا۔