برطرف اہلکاروں کے احتجاج سے چندریگر روڈ پر ٹریفک معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس ہیڈ آفس کے باہر برطرف اہلکاروں کے احتجاج کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک معطل ہو گیا۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس نے موقع پر پہنچ کر سڑک کے ایک ٹریک کو بند کرتے ہو ئے تمام ٹریفک متبادل سڑک پر موڑ دیا ، مظاہرین کا کہنا تھاکہ وہ کئی مرتبہ پہلے بھی احتجاج کرچکے ہیں اور پولیس سے برطرف ہونے کے بعد انکے اہلخانہ فاقوں پر آگئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہماری نوکریاں بحال کی جائیں،سینٹرل پولیس آفس کے باہر ایس آر پی کے برطرف پولیس اہلکاروں کے احتجاج اور مظاہرے پر اے آئی جی ویلفیئر سندھ غلام اظفر مہیسر نے مظاہرین کے چھ رکنی وفد سے ملاقات کی اور انکے جملہ تحفظات اور مسائل کو بغور سننے کے بعد باقاعدہ سفارشات تیار کرکے آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی پیش کیں، ترجمان نے مزید بتایا کہ آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایات جاری کیں کہ برطرف پولیس اہلکاروں کی اپیلوں پر انتہائی سنجیدگی سے غور وخوص کیا جائے اور بعد ازاں تمام تر قواعد وضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں، آئی جی سندھ نے مذید کہا کہ ایس آر پی کے برطرف شدہ ایسے اہلکار کہ جنہوں نے اب تک اپیلیں داخل نہیں کیں وہ بھی ایڈیشنل آئی جی سندھ سے اپیل کرسکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment