احسان مانی نے پی سی بی میں احتساب کانعرہ لگادیا

لاہور(امت نیوز) احسان مانی نے پی سی بی میں احتساب کانعرہ لگادیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین احسان مانی نے کہاکہ ہم پی سی بی میں شفافیت اور احتساب کا نظام لائیں گے، سب سے پہلے خود کو احتساب کیلیے پیش کروں گا، ایک ماہ میں پی سی بی کا اکاؤنٹ کے معاملات ویب سائٹ پر جاری کر دیں گے، اس کو دیکھنے کے بعد کسی کے ذہن میں سوال ہو تو اس کاجواب ضرور دینگے، بورڈ سے متعلق کوئی بھی بات میڈیا سے نہیں چھپائی جائے گی، معلومات حاصل کرنے کیلیے ایک طریقہ کار ہوگا جس کے تحت میڈیا ڈپارٹمنٹ کام کرے گا۔پی ایس ایل میں مالی بے ضابطگیوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی جانب سے ابتدائی دونوں ایڈیشنز کے آڈٹ میں کئی سوالات اٹھے ہیں، پی سی بی اور پی ایس ایل کا 3سال کا آڈٹ کرائیں گے، کرپشن کسی مرحلے پر بھی ہوئی قابل معافی نہیں،ہم ضرور کارروائی کریں گے،بورڈ کی رقم اگر لوٹی گئی تو واپس لانے کی بھی کوشش کریں گے۔احسان مانی نے کہا کہ گورننگ بورڈ خاموش تماشائی نہیں بلکہ اپنا آئینی کردار ادا کرے گا، دیکھنا ہو گا کہ جس مقصد کیلیے بورڈ بنایا گیا وہ پورا ہوا کہ نہیں، اس وقت گورننگ بورڈ میں کئی پروفیشنل ماہرین موجود ہیں ہم سب کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment