لاہور(امت نیوز) پی سی بی کے نئے سربراہ احسان مانی نے واضح کردیا ہے کہ وہ باہمی سیریز کیلئے بھارت کی منت سماجت اور بی سی سی آئی کے سامنے جھکنے کی کوئی کوشش نہیں کریں گے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارت کی پالیسی متضاد ہے جو آئی سی سی ایونٹس اور ایشیا کپ میں تو کھیلتا ہے لیکن اس کا باہمی سیریز پر انکار سمجھ سے بالاتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی میں بھی کبھی بھارت کے سامنے نہیں جھکے جب اس کو معطل کرنے کا اختیار بھی حاصل تھا لیکن اب گورننگ باڈی میں اس کا اثر و رسوخ زیادہ ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف باہمی سیریز کے معاملے پر پی سی بی کا کیس کافی آگے بڑھ چکا ہے جس سے دستبرداری ممکن نہیں البتہ یہ معاملہ تنازعات حل کرنے والی کمیٹی میں نہ جاتا تو وہ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالتے۔