لاہور(امت نیوز)ایشیا کپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بدھ کو بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری رہا، کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی دو مختلف سیشنز میں بیٹنگ، بائولنگ، فیلڈنگ کی ٹریننگ کی، کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کیلئے زور دیا جارہا ہے، کیمپ میں شریک کھلاڑیوں میں سرفراز احمد ( کپتان ) فخر زمان، امام الحق، بابر زمان، شعیب ملک، حارث سہیل،آصف علی، حسن علی، شاداب خان، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری، محمد نواز، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ایشیا کپ15 سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کیلئے قومی کرکٹ ٹیم قذافی سٹیڈیم لاہور میں تیاری کر رہی ہے ۔ٹورنامنٹ میں پاکستان،، بھارت،، سری لنکا،، بنگلہ دیش،، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی۔ کوالیفائنگ مقابلے ان دنوں ملائشیا میں جاری ہیں۔ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں بھارت اور کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی جبکہ 19ستمبر کو وہ روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی۔ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے بعد چار ٹیمیں 21 سے 26 ستمبر تک ہونے والے سپر 4 مرحلے میں مدمقابل ہوں گی۔