کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپرہائی وے میں پلاٹ کے تنازع پر 2اسٹیٹ ایجنٹ لڑ پڑے، اسی دوران ایک اسٹیٹ ایجنٹ کی فائرنگ سے نوجوان محافظ جاں بحق ہوگیا، ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے کے علاقے نور محمد گوٹھ میں واقع پلاٹ پر 2 اسٹیٹ ایجنٹ دیدار چانڈیو اور شیر محمد آپس میں لڑ پڑ ے، اسی دوران دیدار چانڈیو نے شیر محمد اور اسکے ساتھیوں پر فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں 29 سالہ علی نواز ولد گل حسن ہلاک ہوگیا ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچائی۔ ایس ایچ او ہمایوں احمد نے امت کو بتایا کہ جو مقتول نور محمد گوٹھ کا رہائشی اور اسٹیٹ ایجنٹ شیر محمد کاگن مین تھا۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔