فلاحی اسکیمیں بند – 100 افراد کیخلاف احتساب کمیٹی قائم

اسلام آباد (نمائندہ امت ؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے تمام صوابدیدی فنڈز، لیپ ٹاپ سمیت سابق وزیر اعظم کی تمام اسکیمیں ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام جاری رکھا جائے گا۔بیرون ممالک سے پاکستانیوں کی رقوم واپس لانے کیلئے وزیر اعظم ہاؤس میں خصوصی یونٹ کے قیام سمیت اہم فیصلوں کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ ملکی دولت لوٹ کر باہر منتقل کرنے والے 100 افراد سے پیسہ واپس لانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ۔ کابینہ نے اسکول نہ جانے والے ڈھائی کروڑ بچوں کو تعلیم کی جانب لانے کیلئے وفاقی وزیر شفقت محمود کی سربراہی میں تعلیمی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے ۔ گھریلو ملازمین کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔ تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے میں25 ارب کے نقصان کی تحقیقات ہوں گی ۔اردو ، انگلش میڈیم تعلیمی اداروں اور مدارس کیلئے بنیادی تعلیم کیلئے یکساں نصاب تعلیم متعارف کرایا جائے گا ۔میٹرک،اولیول اور مدارس کی جگہ ایک ہی سند جاری ہوگی ۔وزارت انسانی حقوق کی رپورٹ پر6کروڑ 40لاکھ سے زائد بھکاری بچوں و خواتین کیلئے خصوصی مراکز بنانے،بچوں سے زیادتی اور ان کی اسمگلنگ اور چائلڈ لیبر روکنے کے لئے اقدامات کی منظوری دیدی ہے ۔ اسٹریٹ چلڈرنز کے لیے یتیم خانے بنائے جائیں گے۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین نے وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کے ہمراہ میڈیا کو دی گئی بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم نے اپنا صوابدیدی فنڈ ختم کر کے صرف ایک فیصلے سے 80 ارب بچت کی ۔ اب یہ واپس رقم پارلیمنٹ کو چلی گئی ہے ۔نواز لیگی حکومت تربیلا ڈیم میں توسیع کے نامکمل منصوبے کا افتتاح صرف ربن کاٹنے کے لئے کیا ،جس سے25ارب کا نقصان ہوا۔ اس خبر کا وزیر اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے اپنے انسپکشن سیل کو معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دیدی ہیں ۔ وزیر تعلیم کی سربراہی میں بنائی گئی ٹاسک فورس کے ممبران میں مدارس، اسکل ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ ماہرین شامل ہوں گے۔وزیر اعظم کے مشیرِ احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ بیرون ملک سے پاکستانی عوام کا پیسہ واپس لانے کے لئے سخت اقدامات کرنے ،آر ڈی نینس کے ذریعے پاکستانی عوام کا پیسہ بیرون ملک سے واپس لانے میں مدد دینے والوں کو 20فیصد رقم کی ادائیگی،نام صیغہ راز میں رکھنے،گواہ کو مکمل تحفظ دیا جائے گا ۔وزیر اعظم کی ہدایات پر ایک اعلی اختیارات کا حامل وفدسوئٹزر لینڈ بھیجنے کی منظوری دیدی گئی ہے ،جو معاہدے پر کام کریگا ،جس سے سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کے اکاؤنٹس کی معلومات ملے گی ۔ 100بڑے مگر مچھوں سے پیسہ واپس لانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے ۔بیرونی ممالک میں ایک ارب کی غیر قانونی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو20کروڑ دیے جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment