پولیس-رینجرز کے تحت یوم دفاع و شہدا پر تقاریب اور واک

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس اور رینجرز کے زیر اہتمام یوم دفاع و شہدا جوش و جذبے سے منایا گیا۔اس موقع پر تقاریب اور واک کی گئی، جس میں افسران ، شہدا کے اہلخانہ، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع اور یوم شہدا کے موقع پر پروقار تقریب ہوئی۔ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے مقام شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ملکی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔بعدازاں ڈی جی رینجرز نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔انہوں نے شہید فلائنگ افسر مریم مختار شیخ تمغہ بسالت اور ڈی ایس پی عبدالمجید عباس شہید کے گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ زون پولیس کے تحت شہداء پولیس کے لواحقین کے ساتھ افسران ، موٹروے پولیس، کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی کے اساتذہ، عملے اور طلبہ نے کراچی یونیورسٹی سے سفاری پارک تک واک کا اہتما کیا۔مقررین نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سراہا، جبکہ ایک اور پروگرام میں شہداء پولیس کے لواحقین اور ان کے بچوں کے ساتھ ملاقات کی گئی۔ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے یقین دہانی کرائی گئی اور ان میں تحائف تقسیم کیے گیے۔اس کے علاوہ تھانہ کی سطح پر قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ایس ایس پی ضلع ملیر شیراز نذیر نے کہا ہے کہ شہدائے وطن کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔آئی جی سندھ امجد سلیمی نے اپنے بیان میں کہا کہ یوم دفاع پر اس عزم کی تجدید کی جائے کہ پاکستان کا دفاع ہم خون کے آخری قطرے تک کرتے رہیں گے۔ڈی آئی جی ٹریفک کے دفتر میں یادگار شہداء پر چراغاں کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی ٹریفک سٹی نے شہید راشد منہاس کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔کراچی کے علاوہ سندھ بھر میں پولیس کی جانب سے یوم دفاع اور شہدا پر تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment