کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو شرجیل میمن کا ڈی این اے ٹیسٹ لیا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ضرورت پڑی تو ڈی این اے ٹیسٹ لیا جاسکتا ہے، پولیس تمام خطوط پر تفتیش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کلفٹن میں ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے منعقدہ میڈیکل کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ شرجیل میمن کیس کے حوالے سے پولیس تمام خطوط پر تفتیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ پولیس اور دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا، واقعہ کا مقدمہ درج ہے ۔آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے یوم دفاع کی مناسبت سے میڈِیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔