کلفٹن پرپاک بحریہ کی پروقارتقریب -کمانڈوز کاشاندارمظاہرہ

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ امت ) یوم دفاع کے موقع پر کلفٹن کے ساحل پر پاک بحریہ کی جانب سے پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی گورنرسندھ عمران اسماعیل تھے۔تقریب کے دوران نیوی کےمیرینز اور اسپیشل سروسز گروپ کے جوانوں نے مغویوں کو بازیاب کرانے کا بھر پور مظاہرہ کیا۔اس کے بعد پی این فکسڈ ونگ ایئر کرافٹ اور روٹری ونگ (ہیلی کاپٹرز) نے فضائی کرتب کا شاندار مظاہرہ کیا۔ آخر میں اسپیشل سروسز گروپ نے فری فال جمپ کا مظاہر ہ کیا۔ یوم دفاع کے موقع پر پاک بحریہ کی تمام یونٹس اوراسٹبلشمنٹس میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ شہداءکی یاد گاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے نیول ہیڈکوارٹرز میں واقع شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔پاک بحریہ کے جہازوں کو نیوی کے روایتی انداز میں سجایا گیا اور ان پر چراغاں کیا گیا ۔اس موقع پر پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمر ل ظفر محمود عباسی نے شہداءاورغازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار جارحیت اورانتہا پسند عناصر کی سرگرمیوں کے ذریعے ہمیں بطورِ قوم بارہاآزمایا گیا۔ مگرقائد ِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے سنہری اُصولوں ایمان، اتحاد اورتنظیم پر عمل پیرا ہو کرہم پہلے سے زیادہ پُر عزم قوم بن کر اُبھرے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment