کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وہ مائیں قابل فخر ہیں جو اپنے لخت جگر کی شہادت پر آنسو نہیں بہاتیں بلکہ سر فخر سے بلند کرکے کہتی ہیں کہ میرے اور بیٹے ہوتے تو انہیں بھی مادر وطن پر قربان کردیتیں۔ ایسی ماؤں کو میرا سلام ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر ملیر کینٹ میں پاک فوج کا شہدا کے خاندانوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ باوقار قومیں اپنے شہید اور ان کے خاندانوں کو نہیں بھولتیں۔ ملک کا امن انہی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، کمانڈر کور لفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا و سول حکام، عمائدین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ بعد ازاں گورنر نے پی اے ایف بیس سرور کا دورہ کیا۔ 6ستمبر مادر وطن کیلئے شہدا کی مظہر قربانیوں کا یادگار دن ہے۔ جنگ ستمبر میں ہماری فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور 17روزہ جنگ میں دشمن کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ کمانڈر سدرن ایئر کمانڈ ایئر وائس مارشل چوہدری احسن رفیق و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ دریں اثنا کمانڈر کراچی پاک نیوی ایئر ایڈمرل آصف خالق نے گورنر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ جنگ ستمبر میں پاک بحریہ نے دشمن کو ملکی سمندری حدود سے باہر رکھا جو پاک نیوی کی جنگی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔