کراچی(اسٹاف رپورٹر)مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے یوم دفاع پر تقاریب اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ملک کے لیے ہر قربانی دینے کا عزم کیا گیا۔ پاکستان ملی تحریک کے تحت لیبر اسکوائر لانڈھی میں شہداء کانفرنس میں مہمان خصوصی سلطان فیاض الحسن سروری ، مفتی عبدالقادر جعفر، قاری سجاد تنولی، ایم پی اے راجہ اظہر و دیگر نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی۔ عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ماکس اکیڈمی کے طلباء و طالبات، اسکاوٹس، پروفیسر تنویر ملک اور دیگر کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔مسلم لیگ ن وسطی کے تحت تقریب سے مہمان خصوصی شاہد عزیز اور ضلعی جنرل سیکرٹری اسلم خٹک نے کہا کہ دشمنوں نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ادھر آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے”یوم دفاع “کی تقریب میں کہا کہ 6 ستمبر کو افواج پاکستان نے پاک سر زمین پر بھارتی جارحیت کی مذموم کوشش کو ناکام بنادیا۔ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کی قربانیاں فراموش نہیں کی جاسکتی۔غازی پاکستان فائونڈیشن کے چیئرمین غلام مصطفیٰ راوی ، بریگیڈیئر ر زبیر ، بریگیڈیئر ر شاہد غنی ، سید نہال عابد رضوی ، عامر اقبال و دیگر نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔