اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )قومی احتساب بیوروراولپنڈی نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے اختیارات کے ناجائزاستعمال پر دائر کیا گیا، ریفرنس میں یوایس ایف فنڈکی مدمیں اشتہاری مہم کاغیرقانونی ٹھیکہ دینے کاالزام ہے۔نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے یونیورسل سروسزفنڈسے متعلق غیرقانونی تشہیری مہم چلائی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو 128 ملین روپے کا نقصان پہنچایا ،ریفرنس میں سابق سیکرٹری اطلاعات فاروق اعوان،سابق پی آئی اومحمدسلیم ،حسن شیخو،حنیف، ریاض کوشریک ملزم بنایا گیاہے۔ریفرنس میں بتایا گیا کہ یونیورسل سروس فنڈ کے 26ویں اجلاس میں 28 دسمبر 2011 میں ملزم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیئرمین یونیورسل سروس فنڈ بورڈ کی حیثیت سے یو ایس ایف کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی تھی۔اس کے علاوہ سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے خلاف غیر قانونی اشتہاری مہم کے ذریعے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ اشتہاری ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی ہدایات کو نظر انداز کیا اور یونیورسل سروس فنڈ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تحریری ریلیز آرڈر حاصل کئے بغیر الیکٹرانک میڈیا مہم چلائی اور ادائیگی کیلئے بل پیش کئے۔یہ اشتہاری ادارہ نہ پہلے اور نہ بعد میں یو ایس ایف کے پینل پر تھاتاہم چیف ایگزیکٹو آفیسر یونیورسل سروس فنڈ ریاض اشعر نے پی آئی او محمد سلیم سے مل کر اس کا نام شامل کیا اور پی آئی ڈی نے اس میڈیا مہم کو قانونی بنایا اور 12 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنے میں سہولت فراہم کی۔مہم کا ٹھیکہ دینے کیلئے کوئی باضابطہ بولی نہیں ہوئی جو کہ مکمل طور پر پیپرا رولز اور وزارت انفارمیشن براڈ کاسٹنگ اور پی آئی ڈی کی پالیسی کے خلاف ہے۔ملزمان نے ایک دوسرے سے مل کر اشتہاری ایجنسی کو ادائیگی قانونی بنانے کیلئے بورڈ سے پرانی تاریخوں میں منظوری حاصل کی اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا۔نیب کے مطابق ان کے بروقت اقدام کے تحت اشتہاری مہم کی ادائیگی روک دی گئی اور نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کیا۔