جاپان میں طوفان کے بعد زلزلے سے تباہی – 8 ہلاک

ٹوکیو(خبرایجنسیاں ) جاپان میں سمندری طوفان جیبی کے بعد شمالی علاقے ہوکائیدو کے مغربی حصّے میں شدید زلزلے کے نتیجے میں8 افراد ہلاک اور 127 افراد زخمی ہوگئے ،جبکہ33 لاپتہ ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز شمالی جزیرے ہوکائیدو میں زلزلہ علی الصبح 3 بجے کے قریب آیا ،جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ۔ زلزلے کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات تباہ ہو گئے ،جبکہ بجلی بند ہوگئی ،جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ بجلی کمپنی کا عملہ جزیرے پر تقریبا لاکھوں عمارتوں کی بجلی بحالی میں مصروف ہے ،تاہم 6 اسپتال اپنے انتہائی نگہداشت والے مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہیں۔جاپان کے جوہری نگران ادارے کا کہنا ہے کہ جزیرے پر توماری جوہری بجلی گھر میں ایمرجنسی جنریٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی ہے ،جبکہ اس کا مرکز آتسْوما قصبے کے قریب تھا۔زلزلے کے بعد طاقتور آفٹر شاکس بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے 10 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچا لیا ہے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کئی لوگ اپنے گھروں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment