کورنگی میں پولیس چائناکٹنگ کی سر پرست بن گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں متحدہ قومی موومنٹ کے سرگرم کارکن نے پولیس سے مل کر سرکاری اراضی پلاٹنگ کر کے فروخت کرنی شروع کردی،علاقہ مکینوں کی جانب سے پولیس کے اعلی افسران ، متعلقہ اداروں اور زمان ٹاؤن تھانے میں متعدد بار درخواستیں بھی دی گئیں لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی ٹاؤن شپ سیکٹر 49پر واقع جامع مسجد مجدد الف ثانی و دارالعلوم مجیدیہ سنیہ و تحفیظ القران کے سامنے واقع پلاٹ نمبر ST-2/2 پر متحدہ قومی موومنٹ کے سرگرم کارکن رضوان نے پولیس سے مل کر پلاٹنگ شروع کردی ہے اور فی پلاٹ 8 سے 10 لاکھ روپے میں فروخت کررہا ہے ، علاقہ مکینوں اور جامع مسجد مجددالف ثانی کے امام نے بھی علاقہ پولیس سمیت ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ، ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے ، ڈائریکٹر انکروچمنٹ سیل کے ڈی اے ، اے ڈی او ، ڈی ڈی او کورنگی ٹاؤن ، ایگزیکٹیو انجینئر کے ڈی اے کورنگی ، ڈی آئی جی ایسٹ ، ایس ایس پی کورنگی ، کمشنر کراچی ، ڈپٹی کمشنر کورنگی ، ایس ایچ او زمان ٹاؤن اور ایس ایچ او انکروچمنٹ سیل کراچی کودرخواستیں دی ہیں لیکن کسی ادارے نے چائنا کٹنگ کیخلاف کارروائی نہیں کی۔ متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن رضوان کھلے عام پولیس اور دیگر اداروں کی سرپرستی میں چائنا کٹنگ میں مصروف ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پلاٹ نمبر ST-2/2 پر ہونے والی چائنہ کٹنگ کے زیادہ خریدار پولیس اہلکار ہیں اسلئے بھی پولیس کارروئی نہیں کر رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن رضوان کے پولیس کے اعلیٰ افسران سے بھی اچھے مراسم ہیں اور وہ کھلے عام کورنگی کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ کرنے میں مصروف ہے ، امت سے بات کرتے ہوئے جامع مسجد مجدد الف ثانی کےامام و خطیب عبدالعزیز نے بتایا کہ رضوان نے مسجد کے سامنے واقع پلاٹ نمبر ایس ٹی 2/2 پر جس وقت پلاٹ کاٹنے شروع کئے تو ہم نے فوری طور پر علاقہ پولیس کو اطلاع دی تھی ، کیونکہ پلاٹنگ کی وجہ سے مسجد میں آنے والے نمازیوں اور مدرسے کے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ، دیگر متعلقہ اداروں میں بھی درخواستیں دی گئیں لیکن کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ، بلکہ رضوان سے پلاٹ حاصل کرنے والے پولیس اہلکار اسلم مغل نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مجھے مسجد سے اٹھایا اور کہا کہ تم درخواستیں واپس لو اگر تمہاری درخواستوں کی وجہ سے میرا پلاٹ ٹوٹا تو میں تمہیں گرفتار کرکے دہشت گرد ظاہر کردونگا ، عبدالعزیزکا کہنا تھا کہ رضوان کی جانب سے ہونے والی چائنا کٹنگ کی وجہ سے مسجد میں آنے والے نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment