رینجرز اہلکار کے 3 قاتلوں کو سزائے موت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے پیش کئے گئے ثبوت اور دلائل کی روشنی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر18نے تین ملزمان محمد عرفان ،عمران اور شبیر کو رینجرزکے سپاہی عبدالرؤف کے قتل اور ان کے دوست پولیس کانسٹیبل عمر واحد کوزخمی کرنے کے جرم میں سزائیں سنا دیں۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملزم محمد عرفان کو قتل کیس میں سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ،دہشت گردی کے کیس میں سزائے موت اور 50ہزار روپے جرمانہ ،اقدام ڈکیتی کے کیس میں 7سال قید اور 25ہزار روپے جرمانہ ،اقدام قتل کی کوشش کیس میں 7سال قید اور 20ہزار روپے جرمانہ،ملزم عمران کو قتل کیس میں سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ،دہشت گردی کے کیس میں سزائے موت اور 50ہزار روپے جرمانہ ،اقدام ڈکیتی کے کیس میں 7سال قید اور 25ہزار روپے جرمانہ ،اقدام قتل کی کوشش میں 7سال قید اور 20ہزار روپے جرمانہ ،غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس میں 7سال قید اور 10ہزار روپے جرمانہ، ملزم شبیر کو قتل کیس میں سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ،دہشت گردی کیس میں سزائے موت اور 50ہزار روپے جرمانہ، اقدام ڈکیتی کیس میں 7سال قید اور 25ہزار روپے جرمانہ ،اقدام قتل کی کوشش کیس میں 7سال قید اور 20ہزار روپے جرمانہ ،غیر قانونی اسلحہ برآمد گی کیس میں 7سال قید اور 10ہزار روپے جرمانہ واضح رہے کہ مذکورہ بالا ملزمان نے 29جنوری 2018 کو لانڈھی میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر رینجرز کے سپاہی عبدالرؤف (جوچھٹی پرتھے) کو شہید اور اس کے دوست پولیس کانسٹیبل عمر واحد کو زخمی کردیا تھا ،ملزمان عمران اور شبیر کو موقع پر موجود لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا اور ان کے قبضے سے دوعدد 30بور پستول بھی برآمد کئے گئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment