نئی دہلی(امت نیوز) امریکہ اور بھارت کے درمیان اہم فوجی معاہدے پر دستخط ہوگئے ،جس کے تحت بھارت امریکہ سے حساس دفاعی ٹیکنالوجی کی خریداری کرسکے گا۔ بھارت کی نیو کلیئرسپلائر گروپ تک رسائی کے لیے کوششیں تیزکرنے پربھی اتفاق ہواہے اوروزرائے دفاع کیلئے ہاٹ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ما ئیک پومپیو اور وزیر دفاع جیمس میٹس بھارت کے دورے پر موجود ہیں ،جہاں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا ستھارامان سے ملاقات کی۔ نئی دہلی میں مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سیاسی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔جیمس میٹس اور نرملا ستھارامان نے اہم فوجی معاہدے’’کمیونیکیشنز کمپیٹیبلٹی اینڈسکیورٹی ایگریمینٹ‘‘ پر دستخط کیے ،جس کے تحت بھارت امریکی حساس دفاعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکے گا۔بھارت اورامریکہ نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین مبینہ طور پر دوسرے ممالک کیخلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کی جائے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں سشما سوراج کا کہنا تھا کہ مبینہ سرحدی دہشتگردی روکنے کے لیے امریکہ اوربھارت کا ایک نظریہ ہے۔ امریکی مائیک پومپیو نے کہاکہ آج خطے اور دنیا میں امریکہ اور بھارت کی شراکت اہم ترین ہو چکی ہے اور دونوں ممالک نے ایک خوشحال اور محفوظ انڈو پیسیفک ریجن کی بنیاد ڈالنے کا عزم ظاہر کیا ہے ،جس کے تحت تمام قوموں کی خود مختاری کا احترام اور تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا روس اورایران سے بھارت کی تجارت کے باوجود امریکہ نئی دہلی پر پابندیاں نہیں لگائے گا۔