لندن (امت نیوز) انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ (آج) جمعہ سے11 ستمبر تک لندن میں کھیلا جائیگا۔ میزبان انگلینڈ کو بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پانچویں ٹیسٹ کی خاص بات یہ ہے کہ پانچواں ٹیسٹ سیریز کا آخری ہونے کے ساتھ ایلسٹر کک کے ٹیسٹ کیریئر کا بھی آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔ ایلسٹر کک نے پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ ان کے کیریئر کا بھی آخری ہوگا، اس کے بعد وہ ٹیسٹ میچز کیلئے اپنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ انگلینڈ نے بھارتی ٹیم کو چوتھے میچ میں 60 رنز سے شکست دیکر نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ پانچ میچوں کی سیریز میں بھی 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اس سے قبل بھارت نے کم کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم کو تیسرے میچ میں شکست دینے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو رئوٹ نے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف سیریز اپنے نام کرنے پر بہت خوش ہیں۔