گوادریونیورسٹی کا منصوبہ منظوری کیلئے بلوچستان کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر یونیورسٹی کے مجوزہ منصوبے کاایکٹ اور چارٹر منظوری کے لئے فوری طور پر صوبائی کابینہ کے اجلا س میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تناظر میں گوادر یونیورسٹی کا قیام ایک اہم منصوبہ ہے، گوادر میں بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی کے قیام سے گوادر، مکران اور پورے صوبے میں شعبہ تعلیم میں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کاجائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ وائس چانسلر تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اجلاس کو منصوبے سے متعلق امور پر بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ گوادر یونیورسٹی کا منصوبہ سی پیک کے منصوبوں میں شامل ہے اور فیڈرل پی ایس ڈی پی کا حصہ ہے جس پر لاگت کا تخمینہ 5ارب روپے سے زائد ہے، یونیورسٹی کا ایکٹ اور چارٹر تیار ہے جسے ایچ ای سی نے بھی منظور کیا ہے اور جلدانہیں صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے ایکٹ کی منظوری اور اراضی کے حصول کے بعد منصوبے کا پی سی ون تیار کیا جائے گا اور اس پر تعمیراتی کام کا آغا ز کردیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment