کم لاگتی مکانات کے منصوبے میں وزیراعظم کا ساتھ دینگے-آباد

کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے رہنماؤں نے عارف علوی کو پاکستان کا 13 واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی،چیئرمین عارف یوسف جیوا، سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس،وائس چیئرمین سہیل ورند اور چیئرمین سدرن ریجن الطاف تائی نے امید ظاہر کی کہ عارف علوی بطور صدر ملک کے لیے بہتر خدمات سرانجام دیں گے۔پی ٹی آئی حکومت منتخب ہونے سے اب ملک میں کم لاگت کے مکانات کے منصوبے کو عملی شکل بھی دی جائے گی، جس کا وعدہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب اور آباد ہاؤس کے دورے کے موقع پر کیا تھا۔آباد رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم کے اس عزم اور کوششوں میں مکمل ساتھ دیں گے۔آباد کی پوری ٹیم پی ٹی آئی حکومت کے معاشی ایجنڈے کی تکمیل میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔عمران خان کے وزیراعظم بننے سے چھت سے محروم افراد کو سستے گھر ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم ،غیر ضروری پروٹوکول کے خاتمے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کی حکومتی پالیسی کو بلڈرز اور ڈیولپرز سراہتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment