اسلام آباد(اخترصدیقی/ نمائندہ خصوصی)سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کیخلاف دائرریفرنسزکی دوسری عدالت منتقلی،سابق صدرمشرف کےخلاف بگٹی کیس میں جمع زرضمانت کی واپسی سمیت دیگرکئی اہم مقدمات سپریم کورٹ میں اگلےہفتےسماعت کےلیےمقررکردیے گئے، فریقین کو اطلاعاتی نوٹسز بھی جاری ہو گئے جبکہ پیر 10 تا 14ستمبرکے درمیان سپریم کورٹ میں بہت سے اہم مقدمات کی سماعت کی جائیگی ۔ جن میں اراضی کی منتقلی کیس ،عامر لیاقت توہین عدالت کیس ، زیر سماعت مقدمات پر ٹی وی شوزمیں بحث ومباحثہ کیس ،ایم کیوایم کی جانب سے بلدیاتی نمائندو ں کواختیارات دلانے کی درخواست اسلام آبادکی زرعی فارموں کے حوالے سے کیس اور دیگر مقدمات شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 روزمیں سماعت کے لیے مقررکردہ مقدمات کی تعداد 500سے بھی زائد ہے ۔دریں اثنا صدر پرویز مشرف نے اکبربگٹی کیس میں جمع کرائے گئے 20 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔