لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائیکورٹ نے عمران خان کے بطور وزیر اعظم انتخاب کو غیر آئینی قرار دینے کی جلد سماعت کیلئے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے شیخ زاہد محمود کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے متفرق درخواست میں وزیر اعظم کے انتخاب میں ووٹ نہ ڈالنے والے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے 69 اہم ارکان قومی اسمبلی کو فریق بناتے ہوئے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں2 پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے ووٹ نہیں دیئے۔ قانون کےمطابق وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کےہر رکن کا ووٹ ڈالنا ضروری ہے۔درخواست گزار وکیل نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی ایوان میں موجود رہیں لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا، ان دونوں جماعتوں نے وزیر اعظم کے الیکشن میں حصہ نہیں لیا جو کہ ان کے حلف کی بھی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے دعوی کیا کہ جب وزیر اعظم کا الیکشن قانون کے مطابق نہیں ہوا تو حکومت تشکیل نہیں پا سکتی۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے صدارتی کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے اور نو منتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تقریب حلف برداری روکنے کے لیے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سے 27ستمبر تک جواب طلب کرلیا ۔جمعے کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے اور نو منتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تقریب حلف برداری روکنے کے لیے نوازعلی ملاح کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔