شکارپور میں ایمبولینس پر فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

شکار پور/ کراچی (نمائندگان امت) شکارپور میں ایمبولینس پر فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق پسند کی شادی کرنے والا نادر کراچی سے جیکب آیا تھاجس کو مارنے کے دوران ایک حملہ آور زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کرنے کے دوران مسلح افراد نے ایمبولینس پر گولیاں برسادیں ۔حملے میں 2 خواتین بھی زخمی ہوگئیں ۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو کے قصبہ متارو جکھرانی میں جکھرانی برادری میں جاری تنازعہ پر گزشتہ روز مسلح افراد نے گھر پر حملہ کر کے نوجوان نادر جکھرانی کو قتل کر دیا۔ اس دوران ایک حملہ آور بھی زخمی ہوا، جسے ایمبولینس کے ذریعے لاڑکانہ لیجایا جا رہا تھا کہ راستے میں شکار پور کے علاقے ڈرکھن کے قریب دوسرے گروپ کے مسلح افراد نے ایمبولینس پر گولیاں برساکر زخمی سمیت 4افراد کو قتل کر دیا حملے میں دو خواتین بھی زخمی ہوئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں محمد خان، عبدالکریم، رحیم بخش اور بابل شامل ہیں۔ ایک ماہ قبل مقتول نوجوان نادر نے اپنی برادری کی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر جکھرانی برادری کے دو گروپس میں تنازعہ جاری تھا نوجوان کے کراچی سے جیکب آباد آنے کی اطلاع پر ایک گروپ نے حملہ کرکے اسے قتل کر دیا واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ واقعہ پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی کو فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ یہاں جنگل کا قانون نہیں کہ دن د یہاڑے قانون اپنے ہاتھ میں لے کر کسی کا بھی قتل کیا جائے۔ وزیراعلی سندھ نے ایس ایس پی شکارپورسرفراز نواز شیخ کو حکم دیا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے مجھے رپورٹ کریں۔

Comments (0)
Add Comment