کراچی بھی خشک سالی کی لپیٹ میں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں کے خشک سالی کی لپیٹ میں آنے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ معمول سے انتہائی کم بارشوں کے باعث سندھ کے مختلف حصے معتدل سے شدید خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں۔ کچھ حصوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔سندھ کے انتہائی متاثرہ علاقوں میں عمر کوٹ، تھرپارکر، مٹیاری،جیکب آباد، حیدر آباد، دادو، قنبر شہداد کوٹ اور عمر کوٹ شامل ہیں۔ کراچی بھی خشک سالی کی لپیٹ میں آچکا ہے۔کئی شہروں میں پانی کی سطح خطرناک حد گرنے کی وجہ سے بورنگ بھی نیچے جانے لگی ہے۔ بعض علاقوں میں بورنگ 100فٹ سے بھی نیچے جا چکی ہے۔ پانی کی سطح گرنے کے باعث بھی پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خشک سالی کی وجہ سے ملتان، میانوالی، گلگت اور ار گرد کے علاقے شدید متاثر ہیں۔ الرٹ میں بلوچستان کے 9 شہروں کوئٹہ، دالبندین، نوکنڈی، گوادر، پنجگور، پسنی، اورماڑا، تربت اور جیونی کو شدید متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خشک سالی کی صورتحال پر محکمہ موسمیات نے یہ دوسرا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس سے قبل جون میں خشک سالی سے متعلق پہلا الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment