وزیراعظم نے ڈیموں کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں سے مدد مانگ لی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر کے لیے سمندر پار پاکستانیوں سے مدد مانگ لی ۔قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا 10 سال پہلے پاکستان پر6 ہزار ارب قرضہ تھا جو آج 30 ہزار ارب پر پہنچ گیا ہے، گردشی قرضوں کا بھی معاملہ ہے لیکن ملک کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، ہمیں پانی کی قلت کا سامنا ہے، ڈیمز ملک کے لیے ناگزیر ہو گئے ہیں، ہمارے پاس فی کس 1000 کیوسک پانی رہ گیا اور اگر اب بھی ڈیم نہ بنائے تو 2025 میں اناج اگانے کے لیے بھی پانی نہیں بچے گا،پاکستان کے پاس صرف 30 دن کےلیے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔انہوں نے یورپ اور امریکہ میں موجود پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیمز فنڈ کے لیےکم از کم ایک ہزار ڈالر بھیجیں جبکہ دبئی، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں میں رہنے والے پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق ڈیمز کے لیے فنڈ دیں۔بیرون ملک پاکستانی کردار ادا کریں تو 5 سال میں ڈیم بن سکتا ہے،نیلم جہلم پراجیکٹ میں بھی صرف پیسے نہ ہونے کے باعث دیر ہوئی اور اخراجات بڑھے۔ 80 سے 90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک رہتے ہیں، اگرسب ڈالر بھیجیں تو ہمارےپاس دو ڈیمز بنانے کے پیسے بھی ہوجائیں گے۔ہمارے زرمبادلہ ذخائر میں کمی ہے اور پاکستان کو اس وقت ڈالرز چاہئیں ۔انہوں نے اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار کو آبی ذخائر کے لیے فنڈز جمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے وہ کام کیا جو کہ سیاسی رہنماؤں کا تھا۔انہوں نے چیف جسٹس ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس اور وزیراعظم فنڈز کو ضم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔دریں اثنا قطر کے ایک گروپ نے ڈیمز کیلئے ایک لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی بھی فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment