کوہلی کی عدم موجودگی کا فائدہ پاکستان کو ہوگا- حسن علی

لاہور (امت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاسٹ بالر نے کہا کہ ایشیا کپ میں ان کا ہدف صرف بھارتی بلے باز نہیں بلکہ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے بلے باز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کرنے کی خواہش ضرور ظاہر کی تھی لیکن ایشیا کپ میں یہ موقع نہیں مل سکے گا۔ حسن علی نے واضح کیا کہ ایشیا کپ میں کسی کو بھی آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے کیونکہ بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے آگاہ ہیں۔ تاہم ہوم گرانڈ ہونے کی وجہ سے دیگر ٹیموں کی نسبت ہم وہاں کی کنڈیشنز سے بہتر طور پر آگاہ ہیں اور ان کا استعمال کرتے ہوئے فتوحات سمیٹیں گے۔ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔

Comments (0)
Add Comment