مری(نامہ نگار)شہر کے گنجان آباد علاقہ لوئر بازار مری میں چار منزلہ دوبوسیدہ عمارتیں گرنے سے دو گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔عمارتوں کے گرنے کی آواز پر لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ دونوں عمارتیں پرانی اور خطرناک قرار دئیے جانے پر خالی پڑی تھیں ۔اطلاع ملنے پراسسٹنٹ کمشنر مری عدنان آفریدی ،چیف آفیسر اور ایکسئین میونسپل کارپوریشن موقع پر پہنچ گئے اور جگہ کا معائنہ کیا جبکہ ریسکیو1122مری کی امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا اور بازار کو دونوں جانب سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا عمارتوں کے ملبے کی زد میں آ کر سڑک پر کھڑی دو گاڑیاں اور ایک فرنیچر کی دکان تباہ ہو گئی۔ عمارتیں صبح کے وقت گریں جب بازار بند تھا مصروف ترین بازار سے لوگوں کے علاوہ سکولوں کے طلباء طالبات کی گاڑیاں بھی گزرتی ہیں جو خوش قسمتی سے ہفتہ کے دن اکثر سکولوں میں چھٹی کے باعث کوئی جانی نقصان نہ ہوا ۔انتظامیہ نے کئی سال پہلے ان عمارتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے گرانے کے نوٹس جاری کئے مگر دوبارہ تعمیر کرنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث کچھ مالکان نے اپنی بلڈنگز مسمار کیں مگر ان کو دوبارہ تعمیر کی اجازت نہ مل سکی جس کے باعث باقی مالکان نے اپنی بلڈنگز مسمار کرنے سے انکار کر دیا جبکہ یہ بلڈنگز صدیوں پرانی ہیں اور اس بازار سے سینکڑوں کی تعداد میں گزرنے والوں اور شہریوں کے سروں پر موت کے سائے کی طرح منڈلا رہی ہیں ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی مری میں بلڈنگز گرنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں جس میں کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔