کراچی(رپورٹ :عظمت علی رحمانی/اسٹاف رپورٹر) سخی حسن کے پمپنگ اسٹیشن کے ٹینک سے 4 روز پرانا مردہ کتا نکل آیا ،جس پر شہریوں نے احتجاج کیا ،جب کہ وزیر بلدیا ت سعید غنی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ۔ایک رو ز بعد بھی واٹر بورڈ نے واقعے میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کی نہ ہی ٹینک کی صفائی کی جاسکی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سخی حسن میں واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشن سے4 روز پرانا مردہ کتا برآمد کرلیاگیا ۔شہریوں نے گندا پانی فراہم کرنے پر واٹر بورڈ کیخلاف احتجاج شروع کردیا ۔جب کہ وزیر بلدیات سعید غنی نے واقعہ کا نوٹس لے کر ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ کو تحقیقات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔سعید غنی نے کہا کہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ کا کہنا ہے کہ سخی حسن میں پمپنگ اسٹیشن سے کتے کو نکال دیا گیا ہے ۔ اسٹیشن کا پانی صاف ضائع کرکے ٹینک کو صاف کیا جارہاہے، ٹینک کی صفائی کے بعد پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی ۔ دوسری جانب پمپنگ اسٹیشن پر گندگی اور پانی کی ٹنکیوں کو درست طریقے سے نہ ڈھانپنے کے باعث پانی مزید متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ مذکورہ لائن کے انچارج ایس ای آصف قادری نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ جہاں سے کتا برآمد ہوا ہے ،وہ ہائیڈرنٹ نہیں ،بلکہ اس سے متصل واٹر پمپ ہے ،جس کا ٹینک 90فٹ گہرا اور 30 فٹ چوڑا ہے ،جس میں50 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے ۔گزشتہ روز تقریباًساڑھے 12 بجے کے قریب عملے کو ٹینک کے اندر کتا تیرتا ہوا دکھائی دیا ،جس پر پہلے مرحلے میں افسران نے عملے کی مدد سے کتے کو نکالنے کی کوشش کی ،تاہم ناکامی پر 30لاکھ گیلن پانی ضائع کرنے کے بعدکتے کو نکالا گیا۔واضح رہے کہ کراچی یونیورسٹی سے 48 انچ قطر کی لائن سخی حسن تک آرہی ہے ،جہاں پر ٹینک سے فلٹریشن کے بعد 33 انچ قطر کی لائن سے پانی پہلے روز گلشن اقبال15 اے ٹو سے 15اے فائیو ،دوسرے روز بلاک 15 اے تھری سے 15 اے فور ،تیسرے روز نصرت بھٹو کالونی ، شپ اونر کالونی ،بفرزون اور شادمان ٹاؤن تک پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔مذکورہ ٹینک کی چھت پر حفاظتی گرل نہ ہونے کی وجہ سے کتا ٹینک میں گرا۔اس حوالے سے واٹر بورڈ کے ایس ای آصف قادری کے مطابق مذکورہ ٹینک کو خالی کرلیا گیا ہے ۔اور آج صبح صٖفائی کے بعد پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی ۔مذکورہ ٹینک سے فلٹریشن کے بعد یومیہ 80 لاکھ گیلن پانی سپلائی کیاجاتا ہے ۔اس حوالے سے ٹینک کے انچارج ایگزیکٹو انجینئر مکینکل سید مظہر حسین سے رابطہ کیاگیا تو ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 48 انچ قطر کی لائن سے پانی کی سپلائی بند تھی ،جس کی وجہ سے لائن پر موجود چیمبر کے باعث کتا ٹینک تک پہنچا ہے ،جس کی تحقیقات کی جاری ہے ۔جب کہ واٹر بورڈ کے ترجمان رضوان احمد کا کہنا ہے کہ ایم ڈی خالد شیخ نے غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں ،آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کیلئے عملی اقدامات شروع کئے جارہے ہیں ۔ٹینک کی صفائی کے بعد پانی کی سپلائی بحال کردی جائے گی۔