شہدادپور میں اسلحے کی دکان کا صفایا-تاجروں کا احتجاج

شہدادپور (نامہ نگار) شہدادپور کے مین بازارمیں تاجر کی دکان کے تالے توڑ کر نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کا اسلحہ اور کیش چوری کر کے فرار ہوگئے ۔واردات پر پولیس کیخلاف تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور کے مین روڈ پر واقع انور مجاہد کی دکان سے رات کی تاریکی میں نامعلوم چور 10لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ اور2 لاکھ روپے کیش چوری کر کے باآسانی فرار ہوگئے ،جس پر , انجمن تحفظ تاجران شہدادپور کے صدر حاجی غلام دستگیر قریشی، سماجی رہنما شہری رابطہ کونسل کے کے ارشاد بخاری کریانہ یونین کے صدر عبداللہ پنجور، غلام مصطفی قریشی، امان ناگرہ ودیگر واقعہ کی اطلاع ملنے پر واقعہ کی جگہ پہنچے اور سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تاجروں کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور لوٹ مار کی وارداتوں سے تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ ودیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجر کا چوری کیا ہوا مال واپس دلا کر ملوث ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے ۔وریں اثنا انجمن تاجران سندھ کے سینئر نائب صدر حاجی جاوید قریشی نے اپنے ایک بیان میں واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment