پیانگ یانگ(امت نیوز) شمالی کوریا نے 70 سالہ جشن کے دوران منعقدہ فوجی پریڈ میں اپنے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی نمائش نہیں کی۔ پریڈ کی کوئی فوٹیج جاری نہیں کی گئی لیکن وہاں موجود عالمی میڈیا کے 2نمائندوں کے پاس سرکاری ٹی وی کی تصاویر ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پریڈ میں کسی بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی نمائش نہیں کی گئی۔ جون میں امریکی صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان نے کوریا جزیرہ نما کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مبہم سا معاہدہ کیا تھا لیکن اس کیلئے کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی تھی، نہ ہی دیگر تفصیلات دی گئی تھیں۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے دورے جاری رہے لیکن حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا دورہ آخری مرحلے پر منسوخ کر دیا گیا۔ اسکے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر بات چیت کو معطل کرنے کا الزام لگایا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ وہ پیش رفت جاری رکھنے کے پابند ہیں۔ سیول میں بی بی سی کی لورا بیکر نے کہا کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی نمائش سے بات چیت کا مستقبل مشکل میں پڑ جاتا۔ شمالی کوریا 5 سال میں پہلی بار عوامی کھیلوں کا انعقاد کر رہا ہے۔اریرانگ ماس گیمز وسیع پیمانے پر پروپیگنڈے کا رنگا رنگ منظر پیش کرتی ہیں۔ رواں سال کھیلوں میں شاندار ملک کے عنوان سے شمالی کوریا کی علامتی تاریخ پیش کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 2 ہفتے کے دوران لی گئی، سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال ستمبر کے کھیل بڑے پیمانے پر منعقد ہو رہے ہیں۔