سندھ میں نواز لیگ کا صوبائی نظم تحلیل- 25رکنی کمیٹی قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ہدایت پر سندھ کی صوبائی تنظیم کو تحلیل کردیا گیا۔ سابق گورنر محمد زبیر کی سربراہی میں 25 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے جو ایک ماہ کے اندر نئی تنظیم سازی کرے گی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ( ن) انتخابات کے بعد سندھ میں غیر فعال ہوچکی تھی۔ کارکنان عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرر ہے تھے اور بڑے پیمانے پر کوئی سیاسی سرگرمی بھی دکھائی نہیں دے رہی تھی۔اس حوالے سے پارٹی قیادت کو شکایات مل رہی تھیں جس پرصوبے میں نئی تنظیم سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ مسلم لیگ ( ن ) کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہاگیا ہے کہ مرکزی صدر میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ن لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے سندھ کی تنظیم بشمول تمام ڈویژن،ضلعی اور دیگر تمام تنظیمیں تحلیل کردی ہیں۔تنظیم سازی کے لئے ایک 25رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے چیئرمین سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور سیکر یٹری سلیم ضیا ہوں گے ۔کمیٹی 30روز میں کام مکمل کرے گی۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں اسد جونیجو،مفتاح اسماعیل، کھیئل داس کوہستانی،یاسین آزاد،زین انصاری، منور رضا،خواجہ طارق نذیر،علی اکبر گجر،ناصر الدین محمود،قمر زمان راجپوت،سید شاہ زمان شاہ،میر امان اللہ خان تالپور، سید آفتاب علی شاہ،حافظ صادق سمیجو،احسان احمد سومرو،امام دین کھوسو،ڈاکٹر درشن، خلیق الزمان راجہ انصاری،خالد شیخ، مہیش تالریجہ،سورٹھ تھیبو،پروین بشیر اور نیلم والگی شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment