عارف علوی کی چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

اسلام آباد(امت نیوز/ایجنسیاں) صدر عارف علوی نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔گزشتہ روز چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے حلف برداری کے فوری بعد صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں اسٹرٹیجک شراکت داری،تعاون پر زور دیا گیا ۔چینی صدر نے کہا کہ ان کی قیادت نئی حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہے ،اس دوران عارف علوی نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور سعودی وزیر اطلاعات عوادبن صالح العواد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ‘جس میں باہمی دلچسپی کے امور، چین،پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)منصوبے پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کی صورت میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اپنی حکومت کی طرف سے نئی حکومت کے لیےنیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی ‘جسکو انہوں نے قبول کر لیا۔وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ چینی قیادت پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری‘چین پاکستان کا بہت بااعتماد دوست ہے‘وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا‘سی پیک سے دونوں ممالک میں روزگار کے متعدد مواقع پیدا ہوں گے۔ ۔صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد چین کے وزیر خارجہ تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔دریں اثنااتوار کو وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر اطلاعات عواد بن صالح العواد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ‘جس میں پاک سعودیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘اس موقع پر سعودی وزیر نے ولی عہد کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم کا منصب سنھبالنے پر مبارکبادی پیغام پہنچایا ۔ملاقات میں وزیر خارہ شاہ محمود قریشی ‘وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شریک تھیں۔سعودی وزیر اطلاعات سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں‘پاکستان اور سعودیہ عرب مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں‘سعودیہ عرب کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment