نیب تحقیقات کے باعث وزرا کو ہٹا نے پر تحریک انصاف کا غور

کراچی(رپورٹ: ارشاد کھوکھر)تحریک انصاف نے بہتر طرز حکمرانی کا بہتر تاثر اجاگر کرنے کیلئے نیب تحقیقات کا سامنا کرنے والے رہنماؤں کو وزارتوں اور حکومتی عہدوں سے ہٹانے پر غور شروع کردیا ہے ۔ اس ضمن میں حتمی فیصلہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔ فیصلے کی لپیٹ میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان بھی آسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کے استعفی سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر سابق نگراں وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈخالد لودھی کو منتخب کراکر کابینہ میں شامل کرنے پر بھی غورجاری ہے۔علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال بھی ایوان بالا کے ٹکٹ کے امیدوار ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ولید اقبال کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی لاہورکے حلقہ این اے 131کی خالی کردہ نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے بھی پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حلقے سے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر کو پی ٹی آئی نے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ولید اقبال کو کہاگیا تھا کہ انہیں چوہدری سرور کے استعفی سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر منتخب کرایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق میں عمران خان حکومت قیام کے3 ہفتوں کی مختصر مدت میں ہی قادیانی عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل کا رکن بنانے پر اور دیگر متضاد فیصلوں اور بیانات کی وجہ سے مختلف حلقوں کے دباؤ کا شکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے بہتر طرز حکمرانی و کرپشن کے خلاف بہتر تاثر دینے کے لئے نیب انکوائریاں کا سامنا کرنے اور کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے پارٹی رہنماؤں کو عائد الزامات سے بری ہونے اور انکوائریاں ختم ہونے تک وفاقی و صوبائی کابینہ کی رکنیت سے ہٹانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ انہیں مختلف حکومتی امور سے بھی دور رکھا جائے گا اور اس حوالے سے پیپلزپارٹی و دیگر جماعتوں کے لئے ایک مثال قائم کی جائےگی ۔تحریک انصاف کی قیادت پہلے ہی سینیٹر بابراعوان کو وزیر اعظم کے مشیر کے عہدے سے الگ کرچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیاجارہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس کی لپیٹ میں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون اور موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے علاوہ پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان بھی آسکتے ہیں ۔ دونوں کے خلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment