بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ضمنی انتخابات میں عدم دلچسپی ظاہر کردی

لاہور (خبر ایجنسیاں) سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کے حصول کے لیے تحریک انصاف کی کوششیں بیکار چلی گئیں،ووٹ ڈالنے کا حق ملنے کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں عدم دلچسپی ظاہر کردی۔ آن لائن سسٹم میں ووٹ رجسٹر کروانے کی آخری تاریخ 15ستمبر ہے لیکن اب تک محض 37 سو لوگوں نے ہی ووٹ رجسٹرڈ کروایا ہے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ووٹرز کی تعداد7 لاکھ سے زائد ہے۔ یاد رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی ۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کامؤقف تسلیم کرتے ہوئے اوورسیز ووٹرز کو ووٹ کا حق دے دیا ۔نئے پاکستان کے ساتھ انتخابی عمل کی تاریخ بھی بدل گئی۔ نادرا کی معاونت سے آن لائن ووٹنگ کا نظام تیار کرلیا گیا ہے اور سمندر پار پاکستانی پہلی مرتبہ کمپیوٹر یا سمارٹ فون کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے۔۔ووٹ کے لیے نائیکو کارڈ، مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور ای میل درکار ہوتا ہے۔۔ووٹ ڈالنے کے لیے سب سے پہلے آن لائن سسٹم میں اندراج کروانا ہوگا۔خودکار سسٹم سب سے پہلے بطور پاکستانی ووٹر کی اہلیت جانچے گا۔تصدیق کے بعد اوورسیز پاکستانی کو تصدیقی ای میل موصول ہوگا۔جس کے بعد خود کار نظام ووٹر کا نام متعلقہ مقامی لسٹ سے نکال دے گا اور انتخابات سے قبل پاس ورڈ ووٹر کو ارسال کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment