کوئٹہ کے 140حجاج کراچی ایئر پورٹ پر پھنس گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں ) شاہین ایئر سے کوئٹہ جانے والے حجاج کرام کراچی ایئرپورٹ پر پھنس گئے، کئی گھنٹے گزرنے کے بعدبھی وزارت مذہبی امور، سول ایوی ایشن اور شاہین ایئر کی جانب سے متبادل انتظام نہ کیا جا سکا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے ذریعے اتوار کی صبح160حجاج کرام کو کوئٹہ پہنچایا گیا دیگر 140 حجاج کرام کو جلد از جلد پہنچانے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ حجاج کرام کو معاہدے کے تحت نجی ایئرلائن نے کوئٹہ پہنچانا تھا،تاہم نجی ایئرلائن کا آپریشن منسوخ کئے جانے کے بعد حجاج کو پہنچانے کی ذمہ داری قومی ایئرلائن کے سپرد کر دی گئی تھی۔ اس دوران 300 حجاج کرام کو قومی ایئرلائن سے کراچی لایا گیا تھا، جہاں سے انہیں شاہین ایئرلائن نے کوئٹہ پہنچانا تھا۔ گزشتہ ہفتےشاہین ایئرلائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے شاہین ایئر کے ذریعے حج پر جانیوالے افرادسعودی عرب میں پھنس گئے تھے۔ حجاج کرام کی مشکلات کی خبریں عام ہوئیں تو سول ایوی ایشن نے عارضی طور پر لائسنس بحال کرتے ہوئے شاہین ایئر کو آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دیدی تھی۔

Comments (0)
Add Comment