کراچی کنٹونمنٹس میں نقشوں کی منظوری میں تاخیر افسوسناک ہے-آباد

کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس نے کراچی میں کام کرنے والے کنٹونمٹ بورڈز کی جانب سے نقشوں کی منظوری میں تاخیری حربوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے ملکی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔قانون کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ نقشوں کو 45روز میں منظور کرنے کا پابند ہے، تاہم کراچی کے کنٹونمنٹ بورڈز نقشوں کی منظوری میں مہینوں بلکہ کئی کیسز میں سالوں لگا دیتے ہیں۔اس وقت پاکستان کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے جس پر قابو پانے کے لیے سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہوگا، جس سے ملک میں خوشحالی آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ پاکستان میں زراعت کے بعد روزگار فراہم کرنے والا دوسرا بڑا شعبہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ موجودہ نئی حکومت نے تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کا اعلان کیا ہے۔فیاض الیاس نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی شعبے کو نقصان پہنچانے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment