حسینہ حکومت کیخلاف ہزاروں بنگلہ دیشی سڑکوں پر نکل آئے

ڈھاکہ(امت نیوز) بھارت نواز حسینہ واجد حکومت کیخلاف ہزاروں بنگلہ دیشی سڑکوں پر نکل آئے ۔صرف دارالحکومت ڈھاکہ میں 20 ہزار سے زائد افراد قومی پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے جو 3 بار وزیراعظم رہنے والی بیگم خالدہ ضیا کو غیر قانونی طور پر ایک متروک جیل میں ڈالنے کیخلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ہزاروں مزید افراد نے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئےاورسابق وزیراعظم کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔بی این پی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ خالدہ ضیا کے خلاف تمام مقدمات سیاسی ہیں اور دسمبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل حسینہ واجد کے سخت مخالف رہنما کو میدان سے ہٹانے کی غرض سے بنائے گئے ہیں۔گزشتہ ہفتے ایک جرمن تھنک ٹینک بیرٹلزمان فاؤنڈیشن بنگلہ دیش کو ایک نئے مطلق العنان ریاست کی جانب گامزن قرار دیتے ہوئے آنے والے انتخابات کی شفافیت پر شبہات کا اظہار کرچکا ہے۔73سالہ رہنما کو گزشتہ ہفتے وہیل چیئر پر عدالت میں لایا گیا تھا جہاں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ بیمار ہیں اور ان کے ہاتھ اور پیر کام نہیں کر رہے ہیں۔خالدہ ضیا کے وکیل کے مطابق اس قید خانے میں وہ اکیلی قیدی ہیں اور ان کی طبیعت بھی دن بدن خراب ہورہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment