انصاف یونین – عہدیداروں کی لڑائی فنڈز بٹورنے میں رکاوٹ بن گئی

کراچی(رپورٹ: ایس ایم انوار)پاکستان اسٹیل مل میں حکمراں جماعت کی حمایت یافتہ (CBA) انصاف لیبر یونین کے عہدے دار یونین فنڈز کی رقم کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے جس کے باعث ورکروں سے یونین فنڈز کی مد میں 22لاکھ روپے بٹورنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ ’’امت‘‘ کو حاصل تفصیلات کے مطابق یونین کے صدر عبدالوحید سومرو نے سیکریٹری یاسین جامڑو دھڑے کو یونین فنڈز کی رقم کی ادائیگی روکنے کیلئے انچارج انڈسٹریل ریلشن (IR) ڈیپارٹمنٹ پاکستان اسٹیل کو قانونی نوٹس جاری کرایا ہے جس میں ان کے وکیل کی جانب سے قانونی نقطہ اعتراض یہ اٹھایا ہے کہ CBA عہدے داران تبدیلی کے حوالے سے اپیل نمبر12B (24) 2018 رجسٹرار ٹریڈ یونینز ، نیشنل انڈسٹریل ریلشن کمیشن (NIRC) اسلام آباد میں زیر التوا ہے لہزا اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آنے تک CBA کے کسی فریق کو یونین فنڈز کی مد میں کسی قسم کی ادائیگی نہ کی جائے کیونکہ ایسا کرنے سے فنڈز کی رقم کے غلط استعمال کا خدشہ ہے بلکہ یہ ادائیگی CBA عہدے داران سے متعلق صورتحال واضح نہ ہونے کے باعث غیر قانونی شمار ہوگی۔ ذریعے کا کہناہے کہ ورکروں کی تنخواہ سے یونین فنڈز کٹوتی کیخلاف انچارج IR کے پاس 1464 درخواستیں جمع ہوجانے پر انتظامیہ پہلے ہی پریشر میں تھی اسی دوران یہ قانونی نوٹس بھی آگیا ہے ۔یاد رہے کہ اسٹیل مل حکام نے CBA انصاف لیبر یونین یاسین جامڑو دھڑے کو 22 لاکھ روپے سے زائد کے یونین فنڈز سے نوازنے کیلئے ورکروں کی جون کے مہینے کی تنخواہ سے یکمشت 3 ماہ کی جبکہ جولائی کی تنخواہ سے ایک مہینے کے یونین فنڈز کی جبری کٹوتیاں کی تھیں جس کے لئے سیکریٹری یاسین جامڑو نے ورکرلسٹ لے کر 5615 ورکروں کے درخواست فارم خود ہی بھرلئے تھے جبکہ ان میں 1186 ایسے افراد کے نام بھی شامل کئے گئے جن کا تعلق مخالف ٹریڈ یونینوں سے ہے ۔واضح رہے کہ مروجہ انٹرنیشنل ریلیشن ایکٹ IRA-2012 کی کلاز 22 کے تحت چیک آف سسٹم کے مطابق CBA صرف اپنے ہی ممبرز کی تنخواہ سے ماہانہ یونین فنڈ کٹوتی کی درخواست دے سکتی ہے وہ بھی جب ممبر خود اس کی تحریری درخواست دے ۔ ذریعے کے مطابق یونین فنڈ کٹوتی کے خلاف انچارج IR ڈپارٹمنٹ کے پاس جمع ہونے والی درخواستوں کی تعداد1186 سے بڑھ کر 1464 ہوچکی ہے تاہم انصاف یونین یاسین جامڑو گروپ آئے روز ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے انچارج IR کو دھمکی دیتے ہیں کہ یہاں سے کوئی ایک درخواست بھی ویری فیکشن کے لئے نہیں جائے گی جو پیسے کٹنے تھے سوکٹ گئے اب ادائیگی اسی کے مطابق ہونی چاہیے ادھر اسٹیل مل انتظامیہ نے یونین صدر عبدالوحید سومرو کے قانونی نوٹس کے بعد کی صورتحال کاجائزہ لیتے ہوئے یونین فنڈز کی رقم جاری کرنے کا ارادہ فی الحال ملتوی کردیا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment