اسلام آباد (امت نیوز) قومی سائیکلنگ ٹیم ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 18 ستمبر کو آسٹریا روانہ ہوگی۔ ایونٹ کیلئے حتمی2 رکنی ٹیم کا اعلان رواں ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سیّد اظہر علی شاہ نے بتایاکہ فیڈریشن نے ایونٹ کیلئے پہلے مرحلے میں 4 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے تاہم چیمپئن شپ کیلئے 2 رکنی ٹیم کا اعلان 16 ستمبر کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریا میں ہونے والی ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے قومی سائیکلسٹس کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے۔ تربیتی کیمپ میں 4 سائیکلسٹس جن میں عزت اللہ، ارسلان انجم، نجیب اللہ اور حمزہ اللہ شامل ہیں، تربیت حاصل کر رہے ہیں اور انہیں دو کوچز ہارون جنت اور سردار نزاکت تربیت دے رہے ہیں۔ سیکرٹری نے کہا کہ ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔