فیصل واوڈا کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو جواب کیلئے مہلت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کرنے پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔سماعت پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب داخل نہیں کرایا گیا اور مہلت طلب کرلی۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پلاٹوں کی غیرقانونی فروخت اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق نیب انکوائری میں سابق ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی و متحدہ رہنما سیف عباس سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے ڈکیتی اور پولیس مقابلے کے الزامات میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزاؤں کے خلاف فیاض میسح کی جانب سے دائر اپیل پر مجرم کی سزا میں تخفیف کر کے 5 سال کردی ہے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حیثیت سے زائد اثاثہ جات بنانے، کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کیس میں نیب کو انکوائری میں مطلوب سابق صوبائی وزیر قانون ضیا ءالحسن لنجار کی عبوری ضمانت میں 8 نومبر تک توسیع کردی۔ جسٹس فہیم احمد صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے الیکشن 2018 میں مبینہ دھاندلی اور عملے کو حبس جا میں رکھنے سے متعلق کرمنل متفرق اپیل پر مدعا علہیان کو یکم اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کردئیے۔

Comments (0)
Add Comment