وزیر اعلیٰ سندھ نے دیامر بھاشا ڈیم پر اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا

کراچی(خبر ایجنسیاں)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے دیامر بھاشا ڈیم پر صوبوں کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے شہر میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت نے اپنے دور میں امن و امان اور پولیس کے بجائے الیکشن پر زیادہ زور دیا تھا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ حکومت سے درخواست کی وہ ڈیم فنڈ کی بھر پور سپورٹ کرے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔وزیر اعلی مراد علی شاہ،گورنر سندھ عمران اسماعیل نے قائد اعظم کی 70 ویں برسی پر صوبائی وزرا عذرا پیچوہو، شہلا رضا، سعید غنی،مکیش کمار چاولہ امتیاز شیخ، مخدوم محبوب،مشیر اطلاعات مرتضی وہاب و دیگر نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر صوبوں کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کا منصوبہ پیپلز پارٹی نے دیا تھا اور اس کےفنی امور پر اعتراضات اٹھے تھے ۔منصوبہ کسی کا پیٹ کاٹ کر نہیں بنانا چاہیے۔وفاق اس معاملے پر صوبوں کو اعتماد میں لے۔دہشت گردی کی طرح اسٹریٹ کرائمز پر بھی قابو پا لیں گے۔آج سانحہ بلدیہ فیکٹری کے شہدا کی چھٹی برسی بھی ہے ۔ظالموں نے انسانیت کے ساتھ ظلم کیا ۔ملوث مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے۔ قائد اعظم کی برسی پر عہد کرتے ہیں کہ ہم صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، قائد اعظم کا وژن آگے بڑھاتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔18ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دیا جائے گا ۔صوبائی خودمختاری و آئین کے برعکس کوئی بات ہوئی تو مزاحمت کریں گے۔سندھ میں 34 چھوٹے ڈیمز بن چکے ہیں اور مزید 16 چھوٹے ڈیمز پر کام جاری ہے۔

Comments (0)
Add Comment