وزیراعظم ہائوس کی8بھینسیں-4ہیلی کاپٹرزنیلام کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8بھینسیں اور 4ہیلی کاپٹرز بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق کا کہنا ہے کہ کیبنٹ ڈویژن کے پاس موجود 4ہیلی کاپٹرز کسی کے زیراستعمال نہیں اس لیے اضافی گاڑیوں کی نیلامی کے بعد چاروں ہیلی کاپٹرز بھی نیلام کیے جائیں گے۔وزیراعظم کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں بھی فروخت کی جائیں گی جو سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے رکھی تھیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت وزیراعظم ہاؤس کے زیراستعمال اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا تھا جس کے بعد مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں 17ستمبر کی صبح 10 بجے گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی جسے سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے لیے پیش گاڑیوں میں 8 جدید لگژری بی ایم ڈبلیو اور 4 جدید مرسیڈیز بینز گاڑیاں بھی شامل ہیں، دیگر گاڑیوں میں 16 ٹویوٹا کرولا، 3 سوزوکی، ایک ہنڈا اور ایک ایچ ٹی وی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment