13 جولائی کی ملاقات نواز شریف- مریم کیلئے ’’الوداعی ‘‘ ثابت ہوئی

اسلام آباد(امت نیوز)رواں برس13 جولائی کو میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف کی وطن واپسی والے دن بیگم کلثوم سے ملاقات آخری ثابت ہوئی۔برطانوی نشریاتی ادارے پر پاکستانی خاتون صحافی عاصمہ شیرازی نے آخری ملاقات کی روداد بیان کرتے ہوئے لکھا کہ میں میاں نواز شریف کا انٹرویو کرنے ہارلے سٹریٹ پہنچی تو مریم نواز کافی مضطرب مگر مضبوط نظر آ رہی تھیں۔ مجھے اپنے ساتھ وہاں لے آئیں جہاں بیگم کلثوم مصنوعی تنفس پر تھیں، اتنے میں کمرے کے ماحول سے اندازہ ہوا کہ کچھ خاص ہوا ہے۔ میاں نواز شریف بیگم کلثوم سے مخاطب ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور وہ خالی آنکھوں سے انہیں دیکھ رہی تھیں۔ اتنے میں مریم نواز شریف نے ڈبڈبائی آنکھوں سے اپنی والدہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ وہ ان سے بات کریں تاہم وہ بات نہیں کر سکتی تھیں اور ڈاکٹرز نے انہیں ایسا کرنے سے منع کر دیا۔یہ بیگم کلثوم سے میاں نواز شریف اور مریم نواز کی بھی آخری ملاقات تھی۔ دریں اثنا نجی ٹی وی کے مطابق میاں نواز شریف کی کلثوم نواز سے اسپتال میں ملاقات کی وڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کو آواز دے رہے ہیں اور انہیں آنکھیں کھولنے کا کہہ رہے ہیں لیکن کلثوم نواز بے ہوشی کی حالت میں ر ہیں اور انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔اس موقع پر میاں نواز شریف نے ان کے لیے دعائے صحت بھی کی۔

Comments (0)
Add Comment