بقایاجات کیلئے بلڈر کو اٹھانے والے 3بھائیوں سمیت 4دھرلیے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فریئر پولیس نے بقایاجات کے لیے بلڈر کو اٹھاکر لے جانے والے 3 بھائیوں سمیت 4 افراد کو پکڑ کر بلڈر بازیاب کروالیا، جب کہ تیموریہ کے علاقے سے 4 روز قبل مبینہ طور پر اغواء ہونے والا لڑکا نیم مردہ حالت میں سپرہائی وے خادم سولنگی گوٹھ سے مل گیا۔تفصیلات کے مطابق فریئر پولیس نے دہلی کالونی مدنی مسجد کے قریب واقع پلاٹ نمبر 10/51-B پر کارروائی کرتے ہوئے مغوی مروان ولد انور جلال کو بازیاب کرواتے ہوئے تین بھائیوں عادل علی ، شبیر علی ، بشیر علی اور ان کے دوست مختیار احمد کو گرفتار کرلیا۔امت کو ایس ایچ او سعید اختر نے بتایا کہ عادل علی ، شبیر علی اور بشیر علی بھائی ہیں اور انہوں نے مروان علی کو اپنے ساتھی مختیار احمد کے ساتھ مل کر اغواء کیا اور مذکورہ پلاٹ پر رکھا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مروان بلڈر ہے اور اس نے ملزمان کو 18 لاکھ روپے دینے تھے، جس میں وہ ٹال مٹول سے کام لے رہا تھا، جس پر چاروں افراد نے ملکر بلڈر مروان کو اغواء کرکے مذکورہ مقام پر رکھا اور اس کی بیوی سے رابطہ کرکے اپنی رقم لانے کے لیے کہا تھا، جس کی اطلاع اس کی بیوی نے پولیس کو دی اور پولیس نے کارروائی کرکے چاروں کو پکڑ کر بلڈر کو بازیاب کروالیا۔ادھر تیموریہ کے علاقے سے 4 روز قبل 14 سالہ ثابت علی عباسی کو نامعلوم ملزمان لنڈی کوتل چورنگی کے قریب سے اپنے ساتھ لے گئے تھے، جس کی رپورٹ پر تیموریہ پولیس نے تفتیش شروع کی، تو معلوم ہوا کہ لڑکا گھر والوں سے ناراض ہوکر سپرہائی وے پر رہائش پذیر اپنے رشتہ داروں کے گھر پر ہے، جس پر اس کے والد نے بھی بتایا تھا کہ ان کا بیٹا اغواء نہیں ہوا ہے، بلکہ وہ رشتے داروں کے گھر پر ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کو ثابت عباسی زخمی حالت میں سپرہائی وے کے قریب سے ملا ہے۔نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کی مدد سے اس پر وار کیے ہیں۔زخمی لڑکے نے بیان دیا ہے کہ اس کو کالے رنگ کی کار میں سوار 2 ملزمان نے اغواء کیا اور گھر کی معلومات لینے کے بعد چھری کے وار کرنے کے بعد زخمی کیا اور مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔گلشن معمار ، سہراب گوٹھ اور سائٹ سپرہائی وے تھانے کے ایس ایچ او زخمی نوجوان ملنے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment