اغوا کار کو عمر قید-دھوکہ دہی پرمجرم کو 2برس قید کی سزا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان کا جرم ثابت ہونے پر مجرم غلام یاسین کو عمر قید، جبکہ ضلعی عدالت نے دھوکہ دہی پر مجرم محمد علی کو 2 سال قید کی سزا کی سزا سنادی، ایک اور مقدمے میں 10-10 ہزار کے مچلکوں پر 5خواجہ سراؤں کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملزم غلام یاسین کو پیش کیا گیا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے وکلا طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر غلام یاسین کو عمر قید کی سزا کا حکم دے دیا۔ استغاثہ کے مطابق غلام یاسین نے 2015 میں کمسن طالب علم حماد کو اغوا کرکے اسکے والد سے 10 لاکھ تاوان طلب کیا تھا۔ اسی طرح جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے دھوکہ دہی کا جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد علی کو 2 سال قید کی سزا کا حکم سنایا۔ عدالت نے مجرم پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جس کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 3 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ محمد علی کو سرجانی پولیس نے فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار 5 خواجہ سراؤں سونیا، انعم، صنم، سپنا اور غزل کو 10،10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی ہے۔ملزمان کو کلفٹن پولیس نے نازیبا حرکات پر حراست میں لیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment