کراچی (نمائندہ خصوصی) گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے 2بااثر بلڈروں کی 3غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ایس بی سی اے کی جانب سے کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے۔ بلڈر مافیا ایس بی سی اے افسران سے معاملات طے کرکے غیر قانونی تعمیرات کررہی ہے۔ معاملات طے نہ کرنے والے بلڈروں کی بڑی تعداد میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کی گئیں لیکن 2 بااثر بلڈروں کی تعمیرات کو بچالیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گولیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں بااثر بلڈر مافیا کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ ”امت“ کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں بااثر بلڈر انور اور کاشف کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ایس بی سی اے کی جانب سے مسلسل کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے۔ ”امت“ کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلڈر مافیا سابق بلڈنگ انسپکٹر ابریز کے ساتھ مل کر پلاٹ نمبر CM-91، پلاٹ نمبر CM-72 اور پلاٹ نمبر CM-73 پر ایس بی سی اے کے قانون کیخلاف تعمیرات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بلڈروں کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ گوالیار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں جو ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا تھا اس میں بھی دونوں بااثر بلڈروں کی غیر قانونی تعمیرات کو بچالیا گیا تھا۔