کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد کر دی گئی

لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ بچے رکشہ ، موٹر سائیکل ، گاڑی اور پک اپ نہیں چلا سکتے ۔ 18 سال سے کم عمر بچے سڑکوں پر گاڑیاں نہیں لا سکتے ۔ بڑھتے حادثات کے پیش نظر لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آئے روز ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے ۔ بدھ کے روز جسٹس علی اکبر قریشی نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن ( ر ) لیاقت کو طلب کیا تھا ۔ کیپٹن ( ر ) لیاقت نے عدالت کو بتایا کہ کم عمر بچوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات ہو رہے ہیں ۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے فوری طور پر کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد کر دی اور حکم دیا کہ کم عمر بچے چنگچی رکشہ ، موٹر سائیکل ، گاڑی اور پک اپ نہیں چلا سکتے ۔ 18 سال سے کم عمر بچے سڑکوں پر گاڑیاں نہیں لا سکتے ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ سب سے پہلے خلاف ورزی کرنے والے بچوں کے والدین کو طلب کر کے بیان حلفی لیا جائے گا اور اگر پھر بھی والدین اپنے بچوں کو کنٹرول نہیں کرتے تو پھر ان کے والدین کو تاحکم ثانی حوالات میں بند کر دیا جائے گا ۔ عدالت نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ عدالت میں پیش کریں ۔

Comments (0)
Add Comment