کراچی(اسٹاف رپورٹر)خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروقؓ کے یوم شہادت پر اہلسنت و الجماعت کی جانب سے لسبیلہ چوک سے مدح صحابہؓ جلوس نکالاگیا،جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔قبل ازیں مختلف علاقوں سے کارکنان سمیت عوام قافلوں کی شکل میں لسبیلہ چوک پہنچے ، جہاں سے جلوس کا آغاز ہوا۔جلوس کو گروہ مندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم شرکا پرامن رہیں۔اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت کے قائدین نے کہا کہ سیدنا عمرفاروقؓ عظیم صحابی اور مراد رسول ہیں۔سیدناعمرؓ کے اسلام میں داخل ہونے کے بعد مسلمانوں کو قوت حاصل ہوئی۔انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے یکم محرم پر جلوس نکالنے پر پابندی عائد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر جمہوری فیصلہ ہے ۔خیبرپختون اورگلگت بلتستان حکومت نے عام تعطیل کرکے عظیم صحابیؓ سے محبت کا ثبوت دیا۔رہنمائوں نے کہا کہ اہلسنت والجماعت یکم محرم پر عام تعطیل نہ کیے جانے کے خلاف برسوں سے جلوس نکال رہی ہے ، سندھ حکومت یوم شہادت عمر فاروق ؓ پر چھٹی دیکر اہلسنت عوام کی دلوں کو جیت سکتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر پابندی لگانی ہے ، تو تمام مذہبی و سیاسی جلوسوں پر پابندی لگا دی جائے تاکہ کسی طبقہ کو محرومی کا احساس نہ ہو۔