اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)2نئی ٹرینوں میانوالی ریل کار اور راولپنڈی ایکسپریس کا افتتاح کل ہوگا،میانوالی ریل کار 9 مسافرکوچز پر مشتمل ہوگی جسے ریکارڈ مدت میں کیرج فیکٹری اسلام آبا د میں تیار کیا گیا ہے اور ایک کوچ کی تیاری پر تقریباً 85 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد آج دوپہر میانوالی ریل کار کے اپ گریڈڈ ریک کا راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر معائنہ کریں گے اور ٹرین میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیں گے۔ میانوالی ریل کار 14 ستمبر سے روزانہ صبح 7 بجے کندیاں سے راولپنڈی آئے گی اور شام 6بجے واپس کندیاں کے لیے چلے گی۔ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ایک اور ٹرین راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے15 ستمبر سے چلائی جائے گی جو بیک وقت رات 8 بجے لاہور اور راولپنڈی سے چلے گی۔میانوالی ریل کار اور راولپنڈی ایکسپریس کا افتتاح کل 14 ستمبر بروز جمعہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان وزیر اعظم سیکریٹریٹ سے کریں گے۔ترجمان ریلوے کے مطابق نئی ٹرینوں کی کوچز کو اپ گریڈ کیا گیاہے تاکہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔راولپنڈی ایکسپریس کے اجراء سے لاہور اور راولپنڈی کے مسافروں کو تیز رفتار ٹرین میسر ہو جائے گی۔ عوام الناس کا پاکستان ریلوے پر اعتماد اس بات کی علامت ہے کہ ریلوے پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔پاکستان ریلوے ٹرینوں کی بروقت روانگی کو بھی یقینی بنائے گا۔