سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو معاوضہ فوری یکمشت دیا جائے- سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ سانحہ بلدیہ کے متاثرین اور شہدا کے لواحقین 6سال گزرنے کے باوجود انصاف سے محروم ہیں۔ مجرموں کو سخت سزادی جائے اور متاثرین کو معاوضے کی مکمل رقم فی الفور اور یکمشت اد اکی جائے ۔ متاثرین کو انصاف دینے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے امید ہے کہ عدالت مظلوموں کو انصاف دیگی ۔ جماعت اسلامی متاثرہ خاندانو ں کے ساتھ ہے۔ مسئلہ حل ہونے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں سانحہ بلدیہ کے متاثرین کے وفد سے ملاقات پر کیا ۔ اس موقع پر امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ، جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی ، سیکریٹری اطلاعات زاہدعسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سراج الحق نے مزیدکہا کہ سانحہ جے آئی ٹی کی رپورٹس میں نامزد ملزمان کو نہ توگرفتار کیا گیا نہ جے آئی ٹی رپورٹس سامنے لائی جارہی ہے ۔ شہدا کے لواحقین کی مالی امداد بحالی کے اقدامات کیلئے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ نے وعدے اب تک پورے نہیں کئے ،اپنے وعدے پورے کریں ۔ انہوں نے کہاکہ فیکٹری سے جرمنی کی 3کمپنیاں مال منگاتی تھی ان کی طرف سے 75کروڑ کی امداد دی متاثرین میں تقسیم کرنے کے بجائے سیسی کے اکائونٹ میں جمع کرادیا گیا ہے ۔اس مکمل رقم کو متاثرین میں فوری تقسیم کیا جائے ۔

Comments (0)
Add Comment